Thursday, July 28, 2016

قومی کرکٹ: ’’بگڑے بچوں‘‘ کو مزید سبق سکھانے کا فیصلہ

قومی کرکٹ: ’’بگڑے بچوں‘‘ کو مزید سبق سکھانے کا فیصلہ 

     

 کراچی:  قومی کرکٹ کے ’’بگڑے بچوں‘‘ کومزید سبق سکھانے کا فیصلہ کر لیا گیا، عمر اکمل اور احمد شہزاد پر قومی ٹیم کے دروازے بدستور بند رہیں گے، دونوں کو انگلینڈ سے ون ڈے سیریز میں بھی موقع نہ دینے کا امکان ہے۔                                                                                        

تفصیلات کے مطابق احمد شہزاد اور عمر اکمل کا رویہ ہمیشہ سے ہی ٹیم مینجمنٹ کیلیے پریشانی کا باعث بنا رہا ہے، نئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے دونوں کو کیمپ اور پھر ٹیسٹ اسکواڈ میں بھی شامل نہ کیا، بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ڈسپلن کی وجہ سے زیرعتاب عمر اکمل اور احمد شہزاد کو سلیکٹرز نے اب ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بھی نہ بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے، دونوں ان دنوں کیریبیئن لیگ میں مصروف ہیں، عمر اکمل نے گذشتہ روز پہلی بار کوئی اچھی اننگز کھیلی جبکہ احمد شہزاد بدستور فارم کے منتظر ہیں، ٹی ٹوئنٹی کیلیے شاہد آفریدی کو بھی ٹیم میں شامل نہ کرنے کاامکان ہے۔

سابق کپتان نے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا تاہم بعد میں بین الاقوامی کرکٹ میں موجود رہنے کی خواہش ظاہر کردی تھی،ایجبسٹن میں 3اگست سے شروع ہونے والے ٹیسٹ کے اختتام پر ون ڈے اسکواڈکا اعلان ہوگا، سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق کی تجویز پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں یکم اگست سے کیمپ لگایا جارہا ہے، جس میں اے ٹیم کے پلیئرز کے ساتھ جنید خان اور عمر گل کو بھی مدعو کیا جائے گا تاکہ ان کی کاکردگی کا اندازہ کیا جا سکے، فٹنس مسائل سے دوچار دونوں فاسٹ بولرز کافی عرصے سے ٹیم کا حصہ نہیں بن پائے، ابھی کچھ دنوں پہلے ہی اس صورتحال پر عمر گل مایوسی کا اظہار بھی کرچکے،ان کا کہنا تھا کہ وہ مکمل فٹ ہیں۔               

No comments:

Post a Comment