Monday, November 16, 2015

کسانوں پرموجودہ حکومت سے زیادہ کسی نے ظلم نہیں کیا،ووٹ سے ظالم کو سزادیں،عمران خان

کسانوں پرموجودہ حکومت سے زیادہ کسی نے ظلم نہیں کیا،ووٹ سے ظالم کو سزادیں،عمران خان



میانوالی (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کاکہنا ہے کہ زندگی کا مقصد طے کرنے والوں کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھتی ہے اور انصاف کیلئے لڑنا زندگی کا مقصد ہونا چاہئے ۔تفصیلات کے مطابق میانوالی میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمرا ن خان نے کہاکہ کسانوں پر موجودہ حکومت سے زیادہ کسی نے ظلم نہیں کیا ،مزدور اور کسان پسے ہوئے ہیں جبکہ ن لیگ حکومت نہیں بلکہ تجارت کررہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میں آکر لوٹ مار کرنے والے منافق ہیں کیونکہ منافق کہتا کچھ اور کرتا کچھ ہے ۔انہوں نے کہا زندگی کا مقصد طے کرنے والوں کو تاریخ کبھی نہیں بھولتی ،زندگی کا مقصد انصاف ہونا چاہئے ،ظلم اور نا انصافی کے ساتھ ڈٹ جانا جہاد ہے ۔انہوں نے کہا کہ انصاف کے بغیر انسان اور جانور میں کوئی فرق نہیں ۔انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں کراچی سٹیل ملز فائدے میں تھی،نواز حکومت میں اس کی نجکاری کی باتیں ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں اپنے ووٹ کے درست استعمال سے  ظالموں کو سزا دیں ،کلاشنکوف والوں سے نہ ڈرو۔انہوں نے بہترین کارکردگی پر میانوالی کے ڈی سی او سرفراز ورک کو خراج تحسین پیش کیا ،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں ایک بھی جھوٹی ایف آئی آر نہیں کٹی جس کی وجہ پولیس کا غیر جانبدار ہونا ہے ۔انہوں نے عوام سے بلے پر مہر لگانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میانوالی میں 2002میں بویا جانے والا بیج پورے ملک میں تحریک کی شکل میں سامنے آئی ہے ،اسی طرح ساتھ دیں تاکہ آئندہ حکومت ہماری ہو۔

No comments:

Post a Comment