ڈسپلن کیخلاف ورزی، تحریک انصاف نے ا یک اور رہنما کو پارٹی سے نکال دیا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف کا پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن، ایک ایم پی اے کو پارٹی سے فارغ جبکہ دوسرے کو حکومتی و پارٹی عہدے کیلئے نااہل قرار دے دیا۔ اعظم سواتی کو آئندہ مقامی سطح پر کوئی بھی ذمہ داری نہ دینے کا اعلان کر دیا گیا۔خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات میں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے قائم تحریک انصاف کی کمیٹی نے فیصلہ سنا دیا۔ کمیٹی نے کوہاٹ سے تحریک انصاف کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی امجد آفریدی کو پارٹی سے نکال دیا جبکہ رکن صوبائی اسمبلی یاسین خلیل کو آئندہ جماعتی و حکومتی عہدوں کے لیے نااہل قرار دے دیا۔ یاسین خلیل پر کونسلرز کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کا الزام تھا۔ کمیٹی نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر ایم این اے شہر یار آفریدی اور ایم پی اے ضیاء اللہ بنگش کو تنبہہ جبکہ ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ایم پی اے عارف یوسف کو سخت وارننگ جاری کی۔ کمیٹی نے مانسہرہ میں پارٹی مفادات کے تحفظ میں ناکامی پر اعظم سواتی کو بھی وارننگ جاری کی اور انھیں آئندہ مقامی سطح پر کوئی بھی پارٹی ذمہ داری نہ دینے کی سفارش کی ہے۔ سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں قائم کمیٹی کے دیگر ارکان میں نعیم الحق، سیف اللہ نیازی اور فضل خان شامل تھے۔
No comments:
Post a Comment