Tuesday, November 3, 2015

بچوں سے بداخلاقی کی سزا عمر قید یا موت

بچوں سے بداخلاقی کی سزا عمر قید یا موت، قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے فوجداری قانون میں ترمیمی بل منظور کر لیا

   اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے فوجداری قانون میں ترمیم کا بل منظور کر لیا ہے جس میں نوعمر بچوں سے بداخلاقی کرنے والوں کیلئے عمر قید یا موت کی سزا تجویز کی گئی ہے۔ بل کل قومی اسمبلی میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ 

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس رانا شمیم کی زیر صدارت ہوا جس میں فوجداری قانون میں ترمیم کا بل منظور کیا گیا۔ بل میں بچوں سے بداخلاقی کی سزا عمر قید یا سزائے موت تجویز کی گئی ہے جبکہ نوعمر بچی یا غیر مسلم عورت کی جبری شادی کی سزا 5 سے 10 سال قید مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ 
بل میں یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ زیادتی کا شکار بچے کی شناخت ظاہر کرنے پر 2 سال تک کی سزا دی جائے جبکہ کارروائی نہ کرنے والے پولیس افسر کو 6 ماہ سے 2 سال تک کی سزا اور متاثرہ بچوں کا علاج نہ کرنے والے کو 25 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے ۔ اجلاس میں شریک سید افتخار الحسن نے جھوٹی ایف آئی آر درج کرانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی تجویز بھی دی جس پر ایسا کرنے والوں کے خلاف سزا بڑھا کر 7 سال کرنے کی تجویز بھی بل میں شامل کر دی گئی ہے۔














No comments:

Post a Comment